جنرل عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی، وفاقی کابینہ کی منظوری
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ بھارت کے خلاف "آپریشن بنیان مرصوص” میں جنرل عاصم منیر کی غیر معمولی عسکری حکمت عملی، قیادت اور دشمن کو بھرپور جواب دینے پر کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران انہیں اس اہم پیشرفت پر اعتماد میں لیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی چیف کی قیادت، جرأت اور دفاعی پالیسیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرتے ہوئے ہر محاذ پر مؤثر انداز میں قیادت کی۔
کابینہ ارکان نے اس موقع پر بھارت کی بلااشتعال جنگی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات دشمن نے نہتے شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا۔ اس نازک گھڑی میں آرمی چیف کی جرأتمندانہ قیادت کے باعث پاکستان نے نہ صرف دفاع کو یقینی بنایا بلکہ دشمن کو فیصلہ کن شکست بھی دی۔
فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کے بعد جنرل عاصم منیر نے اپنے ردعمل میں کہا:
"یہ اعزاز میری ذات کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم، پاک افواج، ہمارے شہداء، غازیوں اور ہر اس شخص کے نام ہے جو وطن کے لیے قربانی دینے کو تیار ہے۔ میں صدر، وزیراعظم اور کابینہ کے اعتماد پر شکر گزار ہوں۔”
اجلاس میں ائیر چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور نمایاں خدمات انجام دینے والے فوجی جوانوں کو ایوارڈز دینے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا گیا۔